۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر: رسول اکرم کی شان میں گستاخی کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا اور ہندوستانی حکومت کو فوری طور پر ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنا چاہئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ہندوستان کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما نوپور شرما کی جانب سے رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی اکرم (ص) کی ذات پاک کے بارے میں بی جے پی راہنما کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہوں جس سے ہم سب مسلمانوں کے دل زخمی ہوئے ہیں، رسول اکرم کی شان میں گستاخی کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا اور ہندوستانی حکومت کو فوری طور پر ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنا چاہئے۔

آغا صاحب نے نوپور شرما کے شرمناک بیان پر ہندوستانی وزیراعظم کی خاموشی پر بھی سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی رہنما نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں کو مجروح کیا ہے اور ہمارے پیارے نبی (ص) کے لئے ہماری محبت ہر چیز پر مقدم ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور ان کی ناموس کے لئے ہر مسلمان اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے، لیکن نریندر مودی کی جانب سے ابھی تک اس کے خلاف کوئی بھی مذمتی بیان جاری نہیں کیا گیا جو ایک افسوسناک بات ہے۔

آغا صاحب نے اپنے مذمتی بیان میں دنیا بھر کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ مسلمانوں کے خلاف ہونے والی اس طرح کی ناپاک سازشوں کا سخت نوٹس لیں اور بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں تاکہ مسلمانوں کی مذہبی آزادی کو پامال نہ کیا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .